30 دسمبر 2025 - 15:31
اقوام متحدہ کو 2026 میں افغانستان کے لیے 1.71 ارب ڈالر کے امدادی فنڈز درکار

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (اوچا) نے افغانستان کے لیے سال 2026 کا انسانی امدادی منصوبہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک میں تقریباً 2 کروڑ 19 لاکھ افراد فوری امداد کے محتاج ہوں گے، جبکہ غذائی عدم تحفظ بدستور سب سے بڑا بحران بنا ہوا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطۂ انسانی امور (اوچا) نے افغانستان کے لیے 2026 کا انسانی ضروریات اور امدادی ردعمل منصوبہ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے 1 ارب 71 کروڑ ڈالر کے بجٹ کی فوری ضرورت ہے۔

اوچا کے مطابق آئندہ سال افغانستان کی مجموعی آبادی کا 45 فیصد سے زائد حصہ، یعنی تقریباً 2 کروڑ 19 لاکھ افراد، انسانی امداد پر انحصار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غذائی عدم تحفظ اور شدید غذائی قلت بدستور افغانستان میں انسانی بحران کی بنیادی وجوہات ہیں، جس کے پیش نظر اوچا نے سب سے زیادہ متاثرہ اور کمزور 1 کروڑ 75 لاکھ افراد کو امداد کی فراہمی کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اوچا نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ ضرورت مند افراد کی تعداد میں معمولی کمی آئی ہے، تاہم اس کے باوجود افغانستان سال 2026 میں بھی دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں شامل رہے گا۔

اقوام متحدہ کے اس ادارے نے نشاندہی کی ہے کہ کئی دہائیوں پر محیط جنگ، معاشی کمزوری، بنیادی سہولیات میں ناکافی سرمایہ کاری اور شہری حقوق کے تیزی سے زوال نے ملک کی بڑی آبادی کی قوتِ برداشت کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان مشکلات میں حالیہ مہاجرین کی بڑے پیمانے پر واپسی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خشک سالی نے مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اوچا کے مطابق بار بار آنے والی قدرتی آفات، جن میں زلزلے اور سیلاب شامل ہیں، متعدی بیماریوں کا پھیلاؤ اور خواتین و لڑکیوں کو سماجی زندگی سے منظم طور پر محروم رکھنا انسانی ضروریات میں مزید اضافہ کر رہا ہے، جبکہ بالخصوص خواتین کے تحفظ کو ایک سنگین چیلنج بنا دیا ہے۔

دفتر برائے رابطۂ انسانی امور نے بتایا ہے کہ مجوزہ امدادی سرگرمیوں میں خوراک کی فراہمی، ہنگامی رہائش، صحت کی سہولیات، غذائی امداد، صاف پینے کا پانی، صفائی و نکاسیٔ آب اور کثیر المقاصد نقد امداد شامل ہیں، تاکہ لاکھوں افراد کی جانیں بچائی جا سکیں اور مقامی آبادی کی مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha